ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مرڈیشور میں سیاحوں کا بڑھتا ہوا ہجوم - گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے ناکافی انتظامات سے عوام پریشان

مرڈیشور میں سیاحوں کا بڑھتا ہوا ہجوم - گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے ناکافی انتظامات سے عوام پریشان

Wed, 22 May 2024 18:25:06    S.O. News Service

بھٹکل،  22 / مئی (ایس او نیوز) گرمیوں کی چھٹی کی وجہ سے مرڈیشور کے سیاحتی مرکز آنے والے سیاحوں کی تعداد میں بے پناہ اضافہ ہوگیا ہے اور خاص کرکے سنیچر اور اتوار کے دن یہاں پاوں رکھنے کے لئے جگہ نہیں مل رہی ہے ۔ ہوٹل، لاڈجنگ، ہوم اسٹے ہر جگہ کمرے پوری طرح فل ہو گئے ہیں جس سے سیاحوں کو قیام کے لئے دشواریوں سے گزرنا پڑ رہا ہے ۔
    
دوسری طرف موٹر گاڑیوں آمد و رفت ، پارکنگ کے لئے جگہ کی کمی اور ہر طرف بے ضابطہ پارکنگ کی وجہ سے عوام کو چلنے پھرنے میں بڑی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس سے ان کے اندر ناراضگی پائی جا رہی ہے ۔ گاڑیوں کی تعداد کے لحاظ سے پارکنگ کی مناسب سہولت نہ ہونے کی وجہ سے سیاح اپنی گاڑیاں ہر خالی جگہ پر پارک کر رہے ہیں یا پھر آڑے ترچھے انداز میں اس طرح پارک کرتے ہیں کہ دوسری گاڑیوں کو پارکنگ سے نکالنے یا پھر گاڑیوں کو سڑک سے گزرنے میں بڑی رکاوٹیں پیدا ہو رہی ہیں ۔     
    
خیال رہے کہ گزشتہ کچھ برسوں سے مرڈیشور میں سیاحت کے آنے والوں میں برابر اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔ قدرتی مناظر اور خوبصورت ساحل سمندر کی دلکشی کے علاوہ یہاں کا مشہور مندر سیاحوں کی دلکشی کا سبب بنا ہوا ہے ۔ سمندری موجوں سے کھیلنے کا لطف اٹھانے کے علاوہ  سی واک، اسپیڈ بوٹ اور دیگر واٹر اسپورٹس کی سہولتیں سیاحوں کو اپنی طرف راغب کرتی ہیں اس لئے ملک کے مختلف حصوں سے لوگ سیاحت کے لئے بار بار یہاں آنا پسند کرتے ہیں ۔ اسی کے ساتھ اب یہاں آنے والوں میں بیرونی ممالک  کے سیاحوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔ اس مناسبت سے گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے ضروری سہولت اور عوام کو راحت  فراہم کرنا متعلقہ انتظامیہ کے لئے ضروری ہوگیا ہے ۔ 


Share: